The news is by your side.

Advertisement

نام وَر صدا کار اور اداکار ایس ایم سلیم کی برسی

ایس ایم سلیم پاکستان کے نام وَر صدا کار اور اداکار تھے جو 16 مارچ 1990ء کو وفات پاگئے۔ انھوں نے ریڈیو پاکستان اور ٹیلی ویژن پر اپنی فن اور صلاحیتوں کا اظہار کرکے نام و مقام بنایا۔ ایس ایم سلیم امریکا منتقل ہوگئے تھے جہاں‌ وہ شہر ہیوسٹن میں مقیم تھے اور وہیں زندگی کا سفر تمام کیا۔

ایس ایم سلیم کا تعلق دہلی سے تھا۔ وہ 18 اگست 1929ء کو پیدا ہوئے۔ انھوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز آل انڈیا ریڈیو سے کیا اور قیامِ پاکستان کے بعد یہاں ہجرت کی اور ریڈیو پاکستان، لاہور سے وابستہ ہوگئے۔ بعد میں انھوں نے کراچی سینٹر سے ناتا جوڑا اور یہاں سے پروگرام کرتے رہے۔

ایس ایم سلیم کو ریڈیو پاکستان پر ان کے پروگرام “دیکھتا چلا گیا” کے سبب ملک بھر میں پہچان ملی۔ یہ پروگرام ریڈیو کے مقبول ترین پروگراموں میں سے ایک تھا۔ انھوں نے اس میڈیم کے لیے جو یادگار ڈرامے کیے، ان میں رستم اور سہراب سرِفہرست ہے۔ اس مشہور اور مقبولِ عام ڈرامے میں رستم کا کردار زیڈ اے بخاری نے جب کہ سہراب کا کردار ایس ایم سلیم نے ادا کیا تھا۔

صدا کاری کے ساتھ ایس ایم سلیم نے اداکاری کے میدان میں بھی خود کو منوایا۔ انھوں نے پاکستان ٹیلی وژن کے متعدد ڈراموں میں کام کیا جن میں انسان اور آدمی اور منٹو راما شامل ہیں۔ اس ڈرامے میں ایس ایم سلیم نے نام ور افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کا کردار ادا کیا تھا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں