تازہ ترین

ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی دورہ پاکستان مکمل کرکے واپس روانہ

کراچی: ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی دورہ پاکستان...

پاک ایران تجارتی معاہدے پر امریکا کا اہم بیان آگیا

واشنگٹن : نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا...

کے4 منصوبے سے بھی ترستے کراچی کو پانی نہیں مل سکے گا

پانی کو ترستے کراچی کے شہریوں کو کے4 منصوبے...

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی کراچی آمد، مزار قائد پر حاضری

کراچی: پاکستان کے تین روزہ سرکاری دورے پر موجود...

ایرانی صدر کی مزار اقبال پر حاضری، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی

لاہور: ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی لاہور آمد...

سماجی موضوعات پر شان دار فلمیں بنانے والے ایس سلیمان

پاکستان میں فلمی صنعت کے زمانۂ عروج میں کئی ہدایت کار آئے جنہوں نے نہایت شان دار اور کام یاب ترین فلمیں شائقینِ سنیما کو دیں اور انڈسٹری میں‌ اپنی صلاحیتوں کو بھی منوایا۔ انہی میں‌ سے ایک سید سلیمان المعروف ایس سلیمان تھے۔ سینئر ہدایت کار اور پروڈیوسر ایس سلیمان پچھلے سال 14 اپریل کو وفات پاگئے تھے۔ آج ان کی پہلی برسی ہے۔

ایس سلیمان ماضی کے اداکار سنتوش کمار اور درپن کے چھوٹے بھائی تھے۔ بھارت کے شہر حیدرآباد میں پیدا ہونے والے ایس سلیمان کی پہلی فلم ’گلفام‘ 1961 میں ریلیز ہوئی۔ ایس سلیمان نے 60 سے زائد فلموں کے لیے ہدایات دیں۔ 1975ء میں فلم ’’زینت‘‘ ریلیز ہوئی تھی، جس میں نام ور اداکارہ شبنم نے زینت کا یادگار رول ادا کیا تھا۔ ایس سلیمان اس فلم کے ہدایت کار تھے، جنہوں نے سماج میں بیٹی کی پیدائش کو بُرا سمجھنے والوں کو اس فلم میں آئینہ دکھایا تھا۔ وہ ان فن کاروں میں‌ سے تھے جو معاشرتی، اصلاحی اور سماجی مسائل پر فلمیں بنانے کے حوالے سے یاد کیے گئے۔

29 دسمبر 1938ء میں حیدرآباد دکن میں پیدا ہونے والے اس ہدایت کار کا اصل نام سیّد سلیمان تھا۔ ان کے والدین کا تعلق بھی فنی دنیا سے تھا۔ ان کے بڑے بھائی سنتوش کمار پاکستان کے پہلے سپر اسٹار اور بھابھی صبیحہ خانم پہلی سپر اسٹار فن کارہ رہی ہیں۔

ایس سلیمان نے خود بھی چائلڈ ایکٹر کے طور پر فلموں میں کام کیا تھا۔ وہ اس صنعت سے بہ طور تدوین کار وابستہ ہوئے تھے اور 1953ء میں بننے والی فلم ’’غلام‘‘میں بہ طور اسسٹنٹ ایڈیٹر پہلی بار کام کیا۔

1963ء میں ایس سلیمان نے ’’باجی‘‘ نامی ایک بہت ہی لاجواب فلم بنائی تھی۔ اس فلم کے گانے بھی بے حد مقبول ہوئے، جن میں ’’دل کے افسانے‘‘ ’’چندا توری چاندنی‘‘ ’’سجن لاگے توری‘‘ ’’اب یہاں کوئی نہیں آئے گا‘‘شامل تھے۔ ایس سلیمان نے دو پنجابی فلمیں بھی بنائیں۔

ایس سلیمان کو پہلا نگار ایوارڈ فلم ’’آج اور کل‘‘ کے لیے دیا گیا تھا۔ یہ فلم 1976ء میں ریلیز ہوئی تھی جو جہیز کی فضول اور غیر اسلامی رسم کے خلاف عوام کو زبردست پیغام تھی۔ بہ طور ہدایت کار ان کی آخری ریلیز شدہ فلم ویری گڈ دنیا ویری بیڈ لوگ تھی، جو 1998ء میں ریلیز ہوئی۔

پاکستان کے اس معروف ہدایت کار نے 80 برس کی عمر پائی۔ ان کی چند کام یاب ترین فلموں میں ’’اُف یہ بیویاں، آج اور کل، اناڑی، منزل، گلفام، آگ، سبق، زینت، انتظار، ابھی تو میں جوان ہوں شامل ہیں۔

Comments

- Advertisement -