جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

عوام کے لیے ’’موت کا ساحل‘‘ دوبارہ کھول دیا گیا

اشتہار

حیرت انگیز

مصر میں ‘موت کا ساحل’ کے نام سے معروف پام بیچ کو تین سال کی بندش کے بعد عوام کے لیے دوربارہ کھول دیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصر میں سکندریہ گورنریٹ کے ساحلی علاقے العجمی میں ‘موت کا ساحل’ کے نام سے معروف پام بیچ جس کو تین سال قبل غیر ملکی سیاحوں کی اموات میں اضافے کے بعد بند کر دیا گیا تھا اب دوبارہ کھول دیا گیا ہے اور اس بار حفاظتی انتظامات کو مزید توسیع کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ ساحل سمندر ہر سال سیاحوں کے ڈوبنے کے واقعات میں نمایاں اضافہ کی وجہ سے سنگین اور منفی شہرت اختیار کر گیا تھا۔ بالخصوص 2018 میں مبینہ طور پر ایک ہی دن ڈوبنے کے 16 حادثات پیش آئے تھے۔ زیادہ تر واقعات ساحل کے قریب گہرے پانیوں میں نظر نہ آنےوالے بھنور کے باعث پیش آئے تھے۔ بڑھتے حادثات نے مقامی حکام کو ساحل کو عوام کے لیے بند کرنے پر مجبور کیا۔

- Advertisement -

جنرل ایڈمنسٹریشن آف ریزورٹس کے ڈائریکٹر جنرل اسامہ علی نے بتایا ہے کہ ساحل کے ساتھ ساتھ رکھے گئے بریک واٹر(بڑے بڑے پتھر) بہت زیادہ بھنور بناتے ہیں جو کہ ناتجربہ کار تیراکوں کے لیے خطرناک تھے جس کے باعث 2020 میں ساحل سمندر عوام کے لیے بند کردیا گیا۔

حکومتی فیصلے کے بعد کورنیش اور ساحل سمندر کی اطراف جانے والے مرکزی راستوں کو خاردار تاروں سے سیل کر دیا گیا۔ انتباہی تختیاں نصب کی گئی تھیں جس پر نمایاں طور پر درج تھا کہ حکومت کی جانب سے ساحل سمندر بند کر دیا گیا ہے اور اس علاقہ میں داخلہ سختی سے منع تھا۔

اب جب اس کو دوبارہ کھولا گیا ہے تو حفاظتی انتظامات سخت کرنے کے ساتھ سیاحوں کے لیے گائیڈ لائنز بھی جاری کی گئی ہیں رواں سال موسم گرما میں اس ساحل کو دوبارہ کھولنے کے لیے نئے حفاظتی ضوابط، فیلڈ کی نگرانی کے ساتھ ساتھ ڈائیونگ اینڈ ریسکیو فیڈریشن کے مقرر کردہ معیار کی پابندیوں کے ساتھ سمندر میں تیراکی کی سہولت فراہم کی گئی ہے تاہم مقرر کردہ ساحلی علاقوں سے دور تیراکی پر سخت پابندی عائد کی گئی ہے جس کی خلاف ورزی پر مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اس حوالے سے مصر میں سیاحت اور ریزورٹس کی مرکزی انتظامیہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد عبدالرازق نے بتایا ہے کہ ساحل پر تعینات لائف گارڈز کے ساتھ فوری طور پر بچاؤ اور حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف سہولیات میں سمندر میں چلائی جانے والی موٹرسائیکلوں(سکائی جیٹ) کو پانی کے اندر گشت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ہدایات کے حوالے سے کسی بھی خلاف ورزی یا کوتاہی کے نتیجے میں ساحل سمندر کو فوری طور پر بند کر دیا جائے گا اور زندگیوں کے تحفظ کے لیے ان اصولوں پر کاربند رہیں گے۔

اس کے علاوہ ساحل سمندر کو محفوظ بنانے کے لیے منظور شدہ ریسکیو ٹولز کے ساتھ پانی میں چلنے والے تین یا چار اسکوٹرز کو مستقل طور پر سیاحوں کے قریب موجود رہے گا، ساحل کے قریب ہنگامی صورت حال کے لیے مکمل طور پر حفاظتی سامان سے لیس چار ایمبولینس پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں