کراچی: شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں گزشتہ رات ایک خواجہ سرا کی لاش ملی تھی، جس کی شناخت کا معمہ آج پولیس نے حل کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کلفٹن اپرگزری میں ایک گھر سے خواجہ سرا کی ناک کٹی لاش ملنے کے واقعے کی حقیقت سامنے آ گئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کی شناخت 45 سالہ علی زمان عرف گڈو کے نام سے ہوئی ہے، اور وہ خواجہ سرا نہیں بلکہ مرد تھا۔
پولیس نے بتایا کہ متوفی علی زمان 20 سال قبل پنجاب کے علاقے احسن ابدال سے روزگار کے لیے کراچی آیا تھا، 2 بیٹوں اور ایک بیٹی کا باپ تھا، اور متوفی علی زمان عرف گڈو خواجہ سرا کا روپ دھار کر بھیک مانگتا تھا۔
پولیس کے مطابق لاش پرگہرے زخم کے نشانات موجود ہیں، نیل پالش اور لپ اسٹک بھی لگی ہوئی تھی، لاش پر موجود زخم کے نشانات کسی جانور کے کاٹنے کے لگتے ہیں، شاید مرنے کے بعد لاش کو چوہے نے کھانے کی کوشش کی ہے، موت طبعی لگتی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ علی زمان خواجہ سرا برادری سے رابطہ نہیں رکھتا تھا، اور کراچی میں اپنے عزیز سے اکثر ملاقات کرتا تھا، 5 دن قبل علی زمان نے فون پر بیٹے کو طبیعت کی خرابی کی اطلاع بھی دی تھی۔
پولیس نے مزید بتایا کہ علی زمان کے بیٹے 21 سالہ شہاب اور 12 سالہ سعد لاش لینے کراچی آئے ہیں، جناح اسپتال میں لاش کا 20 گھٹنے تاخیر سے پوسٹ مارٹم ہوا ہے، رپورٹ کے بعد حتمی وجوہ سامنے آ سکیں گی۔
دوسری طرف پولیس نے علی زمان کی لاش ملنے کے واقعے کا بیٹے کی مدعیت میں تھانہ کلفٹن میں مقدمہ درج کر لیا ہے، جس میں قتل کی دفعات لگائی گئی ہیں، ایف آئی آر کے متن میں بیٹے کی جانب سے لکھا گیا ہے کہ والد کو تشدد کر کے قتل کیا گیا ہے۔
معلوم ہوا کہ علی زمان نے گھر والوں کو بتایا تھا کہ وہ کراچی میں نوکری کرتا ہے، اور گھر والوں کو یہ پتا نہیں تھا کہ وہ خواجہ سرا بن کر بھیک مانگتا ہے۔