کراچی : ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی ماڈل کورٹ نے دودھ کی دوکان پر فائرنگ کرکے شہری جاوید قریشی کے قتل کیس کا فیصلہ سنادیا ۔
عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم دانش عباس عرف دانیال کو سزائے موت سنادی ،مجرم پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
کیس میں محمد فخر، منصور بلوچ اور ناصر بلوچ کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے، ملزمان کے خلاف2012میں سولجر بازار تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے امریکی صحافی ڈینیئل پرل کے اغوا اور قتل مجرم احمد عمر شیخ اور دیگر کی سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت مجرموں کے وکیل خواجہ نوید احمد کی عدم حاضری کے باعث25جون تک ملتوی کردی ہے۔
پیر کو سندھ ہائی کورٹ میں دوران سماعت مجرم کے بھائی کا کہنا تھا کہ ہر بار تاریخ مل جاتی ہے، مہربانی کرکے کیس چلایا جائے،جسٹس افتاب گورڑ کا کہنا تھا کہ یہ بات اپنے وکیل سے کہیں یا جیل سپرنٹنڈنٹ سے بولیں،ہم تو بیٹھے ہی کیس چلانے کے لیے ہیں، وکیل تو پیش ہوں۔
ڈینیئل پرل کو 2002 میں کراچی سے اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا تھا، انسداد دہشت گردی عدالت نے احمد عمر شیخ کو سزائے موت سنائی تھی، عدالت نے فہد نسیم، شیخ عادل اور سلمان ثاقب کو عمر قید کی سزا کا حکم دیا تھا۔