بیجنگ: چین میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 722 ہو گئی ہے، غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ وائرس سے چین میں 34 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں 2 ہزار سے زائدکی حالت تشویش ناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق چین میں مہلک کرونا وائرس سے ہونے والی اموات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ مختلف اور مؤثر اقدامات کے باوجود وائرس کی ہلاکت خیزی پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔
چینی صوبے ووہان میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والا امریکی شہری بھی دم توڑ گیا ہے۔ یہ کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والا پہلا امریکی شہری ہے، رپورٹس کے مطابق ہلاک شہری ایک 60 سالہ خاتون تھی جس نے جمعرات کو دم توڑا۔ جاپان کی بندرگاہ پر روکے گئے کروز میں 64 افراد میں وائرس کی تشخیص ہو گئی، سنگاپور میں مریضوں کی تعداد 33 ہو گئی جس کے بعد سنگاپور میں ہائی الرٹ کر دیا گیا، کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے امریکا نے چین کو 100 ملین ڈالر امداد کی پیش کش کر دی ہے۔
ادھر کرونا وائرس کے اثرات کے پیش نظر دنیا کا سب سے بڑا آٹو پلانٹ بند کر دیا گیا ہے، غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیئول میں واقع ساؤتھ کورین کار ساز کمپنی یونڈے کا پلانٹ بند کر دیا گیا ہے، اس آٹو پلانٹ میں سالانہ 14 لاکھ گاڑیاں بنائی جاتی ہیں، پلانٹ بڑی تعداد میں آٹو پارٹس درآمد کرتا ہے، اور یہاں 25 ہزار ملازمین کام کرتے ہیں۔
کرونا وائرس سے خبردار کرنے والا ڈاکٹر دم توڑ گیا
کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور اس بچاؤ کے پیش نظر ایشیائی ترقیاتی بینک نے 20 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کر دیا ہے، یہ رقم تکنیکی اور تحقیقاتی سپورٹ اور وائرس سے بچاؤ کے اقدامات پر استعمال ہوگی، رقم کمبوڈیا، چین، لاؤ، میانمار، تھائی لینڈ اور ویتنام کے لیے جاری کی گئی ہے، خیال رہے کہ وائرس سے بچاؤ کے لیے اے ڈی بی ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ساتھ کام کر رہا ہے۔