مہمند : ماربل کی کان پر تودہ گرنے سے جاں بحق مزدوروں کی تعداد 19 ہوگئی ہے جبکہ دس افراد تاحال لاپتہ ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند کی تحصیل صافی ماربل کی کان بیٹھنے کے المناک حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن کے ذریعے مزدوروں کو نکالنے کا کام جاری ہے ، ریسکیو ورکرز نے آپریشن کے دوران کان کے ملبے سے مزید چار لاشیں نکال لیں، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد انیس ہوگئی ہے۔
ڈی پی او مہمند کے مطابق گیارہ افراد تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جبکہ حادثے میں زخمی نو افراد کو باجوڑ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ریسکیو آپریشن میں پاک فوج کے جوان، الخدمت فاؤنڈیشن اور مقامی افراد حصہ لے رہے ہیں تاہم چٹانیں سرکنے کے باعث آپریشن میں دقت کا سامنا ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر ڈی جی پی ڈی ایم اے ریسکیو امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے مہمند پہنچ گئے ہیں جبکہ پشاور سے پانچ ایمبولینس اور ریکوری وہیکل بھی جائے حادثہ پہنچادی گئی ہے، بھاری مشینری آنے اور فوجی جوانوں کی شمولیت سے امدادی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق ملبے سے نکلنے والی بیشتر لاشیں ناقابل شناخت تھیں، ذرائع کے مطابق پہاڑ اب بھی سرک رہا ہے، چھوٹے پہاڑی تودے بھی گرررہے ہیں جس سے لوگوں میں خوف و ہراس ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرفواد چوہدری کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومتیں لیبرقوانین کا سختی سےاطلاق کریں،امید ہےصوبائی حکومت ان خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہوگی۔