پشاور : مسجد دھماکے میں زخمی مزید5 افراد دم توڑ گئے، جس کے بعد دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 62 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پشاور دھماکے میں زخمی مزید 5 افراد دم توڑ گئے، جس کے بعد جاں بحق افرادکی تعداد 62 ہوگئی۔
ترجمان ایل آرایچ نے بتایا کہ ایل آر ایچ میں گزشتہ روز57 میتیں لائی گئی تھیں جبکہ پشاور دھماکے کے 37 زخمی لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زیرعلاج ہے۔
یاد رہے پشاور کے قصہ خوانی بازار کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکا ہوا ، جس میں نمازیوں کی بڑی تعداد جاں بحق ہوئی جبکہ 200 سے زائد زخمی ہوئے۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال نے بتایا تھا کہ کہ بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ، جس کے باعث خدشہ ہے کہ شہادتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
یاد رہے پشاور کی مسجد میں دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات درج کی گئیں ہیں۔
دوسری جانب پشاور دھماکے سے متعلق تحقیقات جاری ہے ، سی ٹی ڈی اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم نے 2مشبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔