بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 30 ہزار کا ہندسہ بھی پار کر گئی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: نہایت مہلک اور نئے وائرس COVID 19 سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 30 ہزار کا ہندسہ بھی پار کر گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی ہلاکت خیزی تیزی کے ساتھ جاری ہے، دنیا کے مختلف ممالک میں اب تک ہلاک ہونے والے مریضوں کی تعداد 31,771 ہو چکی ہے، جب کہ وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد نہایت تیزی سے بڑھ کر 678,910 ہو گئی ہے۔

وائرس کا پھیلاؤ بھی بدستور جاری ہے، اور اب تک 199 ممالک اس کی لپیٹ میں آ چکے ہیں، تاہم وائرس کی نوعیت ایسی ہے کہ اکثر کیسز میں یہ معمولی طبیعت کی خرابی کا باعث بنتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اب تک 146,319 افراد اس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

دوسری طرف کئی ممالک میں یہ وائرس حیران کن طور پر بہت زیادہ ہلاکت خیز ثابت ہوا، جن میں سے اٹلی سرفہرست ہے، جہاں وائرس سے 10,023 افراد جانیں کھو چکے ہیں، جب کہ مریضوں کی تعداد 92 ہزار 472 ہے۔ دوسرے نمبر پر اسپین ہے جہاں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں ایک دم اضافہ ہوا، اور تعداد 6,528 تک پہنچ گئی ہے، جب کہ مجموعی متاثرین کی تعداد بڑھ کر 78,797 ہو گئی ہے۔

چین میں ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تعداد کے آگے روک لگا دی گئی ہے، اور اب تک ہلاک افراد کی مجموعی تعداد 3,300 ہے۔ ایران میں بھی کرونا وائرس بہت ہلاکت خیز ثابت ہوا، اب تک 2,640 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں، فرانس میں 2,314 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سپر پاور امریکا کو بھی وائرس نے بری طرح گھیر لیا ہے، ہلاکتوں میں تیزی سے اضافے کے ساتھ ساتھ امریکا کیسز کی تعداد میں پہلے نمبر پر آ چکا ہے، جہاں ہلاک افراد کی تعداد 2,229 اور متاثرین کی تعداد 123,776 ہو چکی ہے۔

برطانیہ میں بھی صورت حال خراب ہے، وائرس سے 1,019 افراد ہلاک جب کہ 17,089 متاثرہ ہیں۔ نیدرلینڈز میں 639، جرمنی 455، بیلجیم 431، سویٹزرلینڈ 264 اموات ہو چکی ہیں۔ جنوبی کوریا، ترکی، پرتگال، برازیل، سویڈن اور انڈونیشیا میں ہلاکتوں کی تعداد 100 کا ہندسہ پار کر چکی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں