اسلام آباد: پاکستان میں کرونا وائرس سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 33 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 803 ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا سے پاکستان بھر میں 37,218 افراد متاثر ہو چکے ہیں، ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 26 ہزار 260 ہے، پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 1430 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ اب تک 10،155 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
کرونا کی عالمگیر وبا میں مرنے والوں کی تعداد 3 لاکھ سے بھی تجاوز کر گئی
کمانڈ سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید تینتس اموات رپورٹ ہوئیں، سب زیادہ اموات اب تک خیبر پختون خوا میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 284 ہے، اس کے بعد سندھ میں 243 اموات، پنجاب میں 234 اموات، بلوچستان میں 30، اسلام آباد میں 7، جب کہ گلگت بلتستان میں 4 اموات ہوئیں۔
سندھ میں کرونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 14,099 ہو گئی، پنجاب میں 13,914 کرونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، خیبر پختون خوا میں کیسز کی تعداد 5,423، بلوچستان میں 2,310، اسلام آباد میں 866 ہو گئی، گلگت بلتستان میں 501 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 105 ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 13 ہزار 700 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، این سی او سی کے مطابق ملک میں اب تک کرونا کے 3 لاکھ 44 ہزار 450 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔