پشاور : خیبرپختونخوا میں بارشوں کے دوران حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 32 ہوگئی اور 41 زخمی ہے جبکہ ایک ہزار 370 مکانات کو نقصان پہنچا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بارشوں سے تباہی کا سلسلہ جاری ہے، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا میں بارشوں سےنقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔
جس میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوامیں مختلف حادثات میں32افرادجاں بحق ،41زخمی ہوئے، جاں بحق افرادمیں 15بچے،12 مرد،5 خواتین جبکہ زخمیوں میں 6 خواتین، 28 مرد اور 7 بچے شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ میں کہا ہے کہ دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور 1370مکانات کو نقصان پہنچا 160گھروں کومکمل جبکہ 1210 گھروں کوجزوی نقصان پہنچا۔
دیر،چترال لوئر،سوات،باجوڑ،شانگلہ، مانسہرہ، مہمند، مالاکنڈ میں حادثات پیش آئے تاہم انتظامیہ کوجاں بحق افرادکےلواحقین کی مالی امداد کیلئے 50 ملین روپے جاری کئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کےباعث متاثرہ خاندان کی مدداوربحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔
بلوچستان میں بھی موسلاد ھار بارشوں سے نظام زندگی مفلوج
دوسری جانب بلوچستان میں بھی موسلاد ھار بارشوں سے نظام زندگی مفلوج ہے، پنجگور، پسنی،ہرنائی،چاغی میں سیلابی صورتحال ہے جبکہ چاغی میں طوفانی بارشوں سےحفاظتی بند ٹوٹ گئے، جس کے باعث متعدد گھر اور دکانیں زیر آب آگئیں۔
مزید بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری
محکمہ موسمیات نے صوبے میں مزید بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے، ملک بھر میں بائیس اپریل تک مزید بارشیں متوقع ہیں۔
کراچی میں بھی کل تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے بھی مختلف علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورت حال کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کردی۔
موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات
خیال رہے پاکستان کا صوبہ بلوچستان ہو یا خیبرپختونخوا ، یو اے ای، عمان، بحرین سمیت کئی خلیجی ریاستوں میں ایک کے بعد ایک غیرمتوقع اورمعمول کے برخلاف طوفانی بارشوں کےسسٹم اثرانداز ہو رہےہیں ، جس سے بڑے پیمانے پر تباہ کاریاں بھی دیکھی جارہی ہیں۔