ماضی کی معروف اداکارہ دیبا بیگم کا کہنا ہے کہ انہوں نے بطور چائلڈ اسٹار 5 فلموں میں کام کیا اور ان کی ایک فلم کے پریمیئر میں مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح بھی شریک ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہمارے مہمان میں ماضی کی معروف اداکارہ دیبا بیگم مہمان بنیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر اور ذاتی زندگی کے حوالے سے کئی یادیں شیئر کیں۔
دیبا بیگم نے بتایا کہ جب ان کی فلم شمع ریلیز ہوئی تو وہ نہایت سپر ہٹ ہوئی، تاہم اس کے فوراً بعد ہی ان کے شوہر کو سعودی عرب میں ملازمت مل گئی جس کے بعد انہیں اپنا کیریئر چھوڑ کر شوہر کے ساتھ وہیں شفٹ ہونا پڑا۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے بطور چائلڈ اسٹار 5 فلموں میں کام کیا، ان کی پہلی فلم چراغ جلتا رہا سنہ 1961 میں ریلیز ہوئی اور اس کے پریمیئر میں مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح بھی شریک ہوئیں۔
دیبا نے اپنی ساتھی اداکاروں کے ساتھ بھی اپنی یادیں شیئر کیں، انہوں نے بتایا کہ ان کی آن اسکرین کیمسٹری وحید مراد اور محمد علی کے ساتھ بہت اچھی رہی۔