اسلام آباد : تحریک انصاف کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کیخلاف ریفرنسز پر آج فیصلہ محفوظ ہونےکا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کیخلاف ریفرنسز کی سماعت آج پھر ہوگی۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ سماعت کرے گا ، سماعت میں پی ٹی آئی اور منحرف ارکان کے وکلا آج حتمی دلائل دیں گے۔
وکلا کے دلائل کے بعد منحرف ارکان کیخلاف ریفرنسز پر فیصلہ محفوظ ہونے کا امکان ہے، الیکشن کمیشن نے ریفرنسزپر20 مئی تک فیصلہ کرنا ہے۔
گذشتہ روز الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کیس کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی نے بیان حلفی اور جواب الجواب کی دستخط شدہ کاپی کمیشن کو پیش کی تھی۔
منحرف اراکین کے وکلا کا موقف تھا کہ آرٹیکل 63 اے کے تحت پارلیمانی پارٹی ارکان کو ہدایات جاری کرتی ہے اور پارٹی پالیسی جاری نہ کرنے پر آرٹیکل 63 اے کا اطلاق نہیں ہوتا۔
یاد رہے گذشتہ ہفتے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کے منحرف ارکان قومی اسمبلی کے خلاف نا اہلی ریفرنس مسترد کردیا تھا۔
فیصلے میں کہا گیا تھا کہ منحرف اراکین کے حوالے سے ٹھوس شواہد نہیں دیے جاسکے اور آرٹیکل 63 اے کے تحت ریفرنس ثابت نہیں کیا جا سکا۔