وزیراعظم شہبازشریف کے کنسٹر کشن ریلیف پیکج میں پیشرفت کے تحت پراپرٹی کی لین دین میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پراپرٹی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے خاتمےکی سمری کابینہ کو ارسال کر دی گئی ہے جس پر وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد مسودہ قانون تیار ہو گا اور آرڈیننس یا پھر پارلیمانی بل کی صورت میں منظوری لی جائےگی۔
آئی ایم ایف تعمیراتی شعبے میں ریلیف پر راضی ہو گیا ہے۔ پراپرٹی کی خریداری پرایف ای ڈی ختم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
حکام ایف بی آر کا کہنا ہے کہ پراپرٹی کی خریداری کی حد مقرر نہیں کی گئی، پراپرٹی کی خریداری پر فائلر کیلئےعائد3فیصد ایف ای ڈی ختم ہوگی جب کہ پراپرٹی کی خریداری پر لیٹ فائلر کیلئے 5فیصدایف ای ڈی بھی ختم ہو گی۔ نان فائلر پر عائد 7 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بھی ختم ہو گی اور سمندرپار پاکستانیوں کو بھی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ادا نہیں کرنا پڑے گی۔
ممبرتعمیراتی ٹاسک فورس احسن ملک کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے تعمیراتی شعبے کے مسائل حل کرنے میں ذاتی دلچسپی لی، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی خاتمے سے تعمیراتی شعبہ ترقی کرے گا، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم ہونے سے پراپرٹی کی لین دین میں آسانی ہوگی۔