پشاور: کرونا وائرس کے خدشات کے باعث خیبرپختونخوا میں تمام تعلیمی ادارے 31 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں تمام تعلیمی ادارے 31 مئی تک بند رہیں گے، بورڈ کے امتحانات بھی 31 مئی تک ملتوی کردئیے گئے ہیں، 30 اپریل تک سرکاری تقریبات، کھیل، ثقافتی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری محکموں کے غیرضروری ملازمین کی چھٹیوں میں 15 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے، سیاحتی مقامات 30 اپریل تک بند رہیں گے۔
خیبرپختونخوا میں ہوٹل، ریسٹورنٹ، فاسٹ فوڈز 10 اپریل تک بند رہیں گے، بیوٹی پارلر، حجام کی دکانیں 7 اپریل تک بند رہیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جنرل اسٹورز، میڈیکل اسٹور، کریانہ، تندور، بیکری کی دکانیں کھلی رہیں گی، فروٹ، سبزی، گوشت، چکن، دودھ کی دکانیں، آٹو ورکشاپ پیٹرول پمپس کھلے رہیں گے۔
مزید پڑھیں: کرونا وائرس: سندھ کے تعلیمی ادارے یکم جون سے کھولنے کا اعلان، میٹرک کے امتحانات ملتوی
واضح رہے کہ اس سے قبل خیبرپختونخوا میں تمام تعلیمی ادارے 15 دن کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اور امتحانات بھی ملتوی کردئیے گئے تھے۔
یاد رہے کرونا وائرس کے پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر سندھ اور پنجاب میں تیس مئی تک تعلیمی ادارے بند اور میٹرک کےامتحانات بھی ملتوی کردیئے گئے تھے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار 296 ہوگئی ہے، وائرس سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے، ملک میں کرونا وائرس کے زیر علاج 7 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔