لاہور: مسلم لیگ ن نے پارٹی نظم وضبط کی خلاف ورزی پر 5 لیگی ارکان کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا، اراکین نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق عثمان بزدار سے ملنے والے 5ن لیگ کے ارکان کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا، مسلم لیگ ن نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کو پارٹی نظم وضبط کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے قیادت کی منظوری سے فیصلے کا اعلان کردیا۔ پارٹی سے ممکنہ طور پر نکالے جانے والے ایم پی ایز میں اشرف انصاری، جلیل شرقپوری اور فیصل نیازی شامل ہیں۔ اسی طرح نشاط ڈاہا اور مولوی غیاث الدین کو بھی ن لیگ سے الگ کردیا جائے گا، یہ کارروائی ن لیگ پنجاب کے صدررانا ثنااللہ کے دستخطوں سے عمل میں آئی۔
فیٹف کی ووٹنگ میں غیرحاضر لیگی پارلیمان ارکان کو بھی شوکاز نوٹس جاری کردیے گئے۔
فیٹف ووٹنگ کے دوران نہ آنے والے ارکان سینیٹ اور قومی اسمبلی کو شوکاز نوٹس دیے گئے۔ جن مین راحیلہ مگسی، کلثوم پروین، دلاورخان اور شمیم آفریدی شامل ہیں۔
غیرحاضر لیگی سینیٹر کو شوکاز نوٹس راجہ ظفرالحق کے دستخط سے جاری ہوئے، پارٹی کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ شوکاز کی کارروائی کے بعد اگلے مرحلے کا فیصلہ ہوگا۔