کراچی: انسداد تجاوزات آپریشن سے متاثرہ خاندانوں کے لیے حکومتِ سندھ نے بڑا فیصلہ کرلیا، متاثرین کو اب متبادل پلاٹس دیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں انسداد تجاوزات آپریشن کے متاثرین کو متبادل پلاٹ دینے کے لیے حکومت سندھ نے سپریم کورٹ کے ریٹائر جج کی سربراہی میں کمیشن بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ کمیشن کا مسودہ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے تیار کیا ہے۔
کمیشن گجرنالے اور دیگر متاثرین کو متبادل80،80 گز کا پلاٹ فراہم کرے گا۔ کمیشن دیگر متاثرین کے لیے بھی متبادل پلاٹوں کا بندوبست کرے گا۔
کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کرنے کے لیے مسودہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے حوالے کردیا۔ کمیشن میں نسلہ ٹاور اور دیگر متاثرین کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے باعث غریب طبقے کو شدید دھچکا پہنچا ہے، ان کا یہی مطالبہ رہا ہے کہ انہیں متبادل گھر دیا جائے تاہم حکومت نے پلاٹس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔