وزیراعظم کی زیر صدارت پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کا اجلاس ختم ہوگیا ہے جس میں عمران خان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کا اجلاس ختم ہوگیا ہے جس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اجلاس کے حوالے سے ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ اجلاس میں چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل کرانے کے لیے ریفرنس بھی دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ ریفرنس آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ریفرنس دائر کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ عمران خان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری کل وفاقی کابینہ سے لی جائے گی جب کہ اجلاس میں کل ریڈ زون میں احتجاج پر پابندی لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن، مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز، آفتاب شیر پاؤ، محمود خان اچکزئی، کشور زہرہ، خورشید شاہ، فیصل کریم کنڈی، پلوشہ بہرام، فاروق ایچ نائیک، مریم اورنگزیب، اعظم تارڑ، رانا تنویر نے شرکت کی۔
اجلاس میں لندن سے سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں حکومت نے فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے پر سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا عمران خان کی نااہلی اور پی ٹی آئی پر پابندی کی رٹ دائر کرنے کا فیصلہ
اجلاس میں الیکشن کمیشن فیصلے پر قانونی ٹیم نے وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی تھی۔