اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ایک بار پھر ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے مریم نواز کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کی منظوری دے دی۔ نیب نے چوہدری شوگرملز تحقیقات کیس میں مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔
نیب لاہور کی جانب سے وزارت داخلہ کو خط لکھا گیا تھا جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے تاکہ تحقیقاتی مرحلوں میں پیشی یقینی بنایا جاسکے۔
خیال رہے کہ 9 جنوری کو قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔ ذرائع وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ مریم نوازکانام رمضان شوگرملز کیس میں ڈالنےکی سفارش کی گئی۔
دریں اثنا ذرائع نے کہا تھا کہ نیب کی جانب سے درخواست وزارت داخلہ کو موصول ہوگئی ہے، مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ درخواست کمیٹی کو بھجوائے گی۔