اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے چھٹی مردم شماری کے حتمی نتائج جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم ایم کیو ایم نے اس پر تحفظات کا اظہار کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بارہ نکاتی نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی اور اقتصادی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، ساتھ ہی ملکی امپورٹ اور ایکسپورٹ کی صورت حال پربھی بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی کہ کابینہ نے چھٹی مردم شماری کےحتمی نتائج جاری کرنےکا فیصلہ کیا، وفاقی حکومت نےمردم شماری پر وزرا کی کمیٹی تشکیل دی تھی، کمیٹی نے آج اپنی رپورٹ کابینہ میں پیش کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعت ایم کیوایم نے مردم شماری کےنتائج پرتحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا، ایم کیو ایم کے رکن اور وفاقی وزیر امین الحق نے کابینہ میں اختلافی نوٹ رکھتے ہوئے موقف اپنایا کہ ایم کیو ایم دوہزار سترہ کی مردم شماری اور مردم شماری پر ڈی لمیٹیشن بھی مسترد کرتی ہے، اور ایم کیو ایم فوری طور پر نئی مردم شماری کا مطالبہ کرتی ہے۔
اس کے علاوہ اجلاس میں وفاقی کابینہ نے الیکٹرک وہیکل پالیسی کی منظوری دی اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے سولہ دسمبر کےفیصلوں کی توثیق کی گئی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں موبائل مینوفیکچرنگ پالیسی کی بھی منظوری دے دی گئی۔