جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

امریکا توقع رکھتا ہے پاکستان افغان امن عمل میں مثبت کردار جاری رکھے گا: اعلامیہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ امریکا توقع رکھتا ہے پاکستان افغان امن عمل میں مثبت کردار جاری رکھے گا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے امریکی سفارتخانے نے اعلامیہ جاری کردیا۔ اعلامیے کے مطابق زلمے خلیل زاد نے 5 اور 6 اپریل کو پاکستان کا دورہ کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ زلمے خلیل زاد نے سول اور عسکری قیادت سے ملاقات کی۔ دورے کے دوران انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کیں۔

- Advertisement -

امریکی سفارتخانے کے اعلامیے میں کہا گیا کہ فریقین نے زور دیا کہ افغانستان میں امن پاکستان کے مفاد میں ہے، امریکا توقع رکھتا ہے پاکستان اس عمل میں مثبت کردار جاری رکھے گا۔

اپنے دورہ پاکستان کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے دوران زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ فروغ امن کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل قدر ہیں۔ آرمی چیف سے ان کی ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی اور افغان مفاہمتی عمل پر گفتگو کی گئی۔

امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی تھی جس میں افغان مفاہمتی عمل میں ہونے والی پیش رفت سمیت باہمی دلچسپی کے اہم دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

خلیل زاد نے وزیر خارجہ کو دوحہ مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت اور افغان امن عمل کے سلسلے میں اپنی حالیہ مصروفیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور افغانستان میں اپنی اہم ملاقاتوں کا احوال گوش گزار کیا تھا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان مذاکرات کے حوالے سے پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ افغانیوں کے مابین مذاکرات کا انعقاد افغان مفاہمتی عمل کا اہم جزو ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں