اکثر لوگوں کو شکایت ہوتی ہے کہ جب سونے کیلئے لیٹتے ہیں تو نیند کا دور دور تک پتہ نہیں ہوتا، جس کی وجہ سے شدید ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
عام طور پر یہ تصور کیا جاتا ہے کہ نیند نہ آنے کی صورت میں کافی، شراب، چائے اور میٹھی چیزوں کا استعمال نہیں کرنا چاہیے جو کافی حد تک درست ہے۔
لیکن نیند نہ آنے پر ایسا کیا کھانا چاہیے جس سے نیند جلدی اور اچھی آجائے۔ اس حوالے سے ماہرین صحت نے مشورہ دیا ہے کہ نیند آنے کی صورت میں کیا چیز کھانی چاہیے۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ہیلتھ اینڈ کیئر ایکسیلینس (این آئی سی ای )نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ آج کل نوجوانوں میں نیند کے مسائل سنگین ہوتے جارہے ہیں۔ نیند نہ صرف دماغ بلکہ صحت مند جسم کے لیے بھی بہت ضروری ہے۔
یہ ہمارے موڈ کی سطح کو برقرار رکھنے میں بھی مدد کرتی ہے، اس کے علاوہ کم نیند کی وجہ سے آپ کے بیمار ہونے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ نیند آنے کے لیے ایسی غذا کھانی چاہیے جس میں ٹرائپٹوفین موجود ہو۔
رائل کالج آف آکیوپیشنل تھیراپسٹ (آر سی او ٹی) کے ماہرین کا کہنا ہے کہ سونے سے پہلے کیلا کھانے سے نیند آنے میں بہت مدد ملتی ہے کیونکہ اس میں ٹرائپٹوفین بھی ہوتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ٹرائپٹوفین ایک امینو ایسڈ ہے جو جسم میں سیروٹونن اور میلاٹونن نامی ہارمونز پیدا کرتا ہے جو آسانی سے نیند آنے میں مدد کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس کے علاوہ بھی بہت سی تکنیک ہیں جو جلدی نیند آنے میں مدد کرتی ہیں۔ اس میں بنیادی حل یہ ہے کہ سونے سے پہلے ٹیکنالوجی یعنی کہ موبائل کا استعمال نہ کیا جائے۔