پشاور: پشاور چڑیا گھر میں تین مختلف نسلوں کی ہرنیوں کے ہاں 4 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور چڑیا گھر میں مختلف نسلوں کے چار ننھے ہرن بچوں کی آمد ہوئی ہے، لاک ڈاؤن میں بند زو میں گرے کورال، فالو ڈیئر، اور ہاگ ہرن (پارہ ہرن) نے مجموعی طور پر چار بچوں کو جنم دیا ہے۔
ننھے مہمانوں کی آمد سے چڑیا گھر میں جانوروں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، خیال رہے کہ کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر چڑیا گھر کو بند رکھا گیا ہے، عوام کے لیے جب اسے کھولا جائے گا تو شہری ننھے مہمانوں کا دیدار کر سکیں گے۔
اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے ویٹرنری آفیسر پشاور چڑیا گھر ڈاکٹر عبدالقادر نے بتایا کہ تین مختلف اقسام کی ہرنیوں نے گزشتہ روز بچوں کو جنم دیا، بچے صحت مند ہیں، اور ان کا بھرپور خیال رکھا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر قادر نے بتایا کہ گرے کورال اور فیلو ہرن کے ہاں ایک ایک، جب کہ ہاگ ہرن کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ کامیاب افزائش کی وجہ سے چڑیا گھر میں اب جانوروں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، کچھ دنوں میں مزید ننھے جانوروں کی آمد بھی متوقع ہے۔
ڈاکٹر قادر کے مطابق چڑیا گھر میں پہلے پارہ ہرن کی تعداد 6 تھی جو اب بڑھ کر 12 ہو چکی ہے، فیلو ڈیئر کی تعداد پہلے 8 تھی، اب 12 ہو چکی ہے۔
انھوں نے بتایا بیرون ملک سے لائے گئے دیگر جانوروں جیسا کہ دو کوہان والا اونٹ، لاما اور دیگر جانوروں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے، ڈاکٹر قادر کا کہنا تھا کہ چڑیا گھر میں جانوروں کی تعداد بڑھ رہی ہے اس لیے اضافی جانوروں کو خیبر پختون خوا وائلڈ لائف پارکس میں منتقل کیا جاتا ہے۔