کراچی : پولیس نے ڈیفنس میں کار سوار ملزمان سے مقابلے کے بعد چار سالہ بچہ بازیاب کرا لیا، دو اغواء کار فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے، باپ بیٹے کو گھر سے نکلتے ہوئے اغواء کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں 26اسٹریٹ پر مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ہے، اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ خیابان طارق پر تاجر اور ان کے بیٹے چار سالہ شاہ ویز کو گاڑی سمیت اسکول جاتے ہوئے اغواء کیا گیا،۔
پانچ میں سے دو ملزمان تاجر کی گاڑی میں بیٹھ گئے، ملزمان دونوں گاڑیوں کو مختلف سڑکوں پر گھماتے رہے، ایک ملزم موٹر سائکل پر ان کو کور کررہا تھا، اس دوران تاوان کے لیے بچے کے والدین سے بھی رابطہ تھا، پولیس کے مطابق بچے کےوالدین سے15کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا اور بات چیت کے بعد معاملہ ستر لاکھ پر طے ہوگیا۔
ایس ایس پی کراچی جنوبی سرفراز نواز کا کہنا ہے کہ ڈیفنس میں گشت پر مامور ٹیم نے سیاہ شیشے والی مشکوک گاڑی دیکھ کر اسے روکنے کی کوشش کی توملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی۔
پولیس نے تعاقب کیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی اور اسی دوران بچے کو گاڑی سے اتار کر فرار ہونے لگے، پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو ملزمان مارے گئے۔
اغوا کار دو گاڑیوں پر سوار تھے لیکن مقابلے کے وقت دوسری گاڑی میں سوار ملزمان فرار ہوچکے تھے جن کی تلاش کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں بازیاب ہونے والے بچے کے دادا نے بحفاظت بازیابی پر پولیس کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ایس ایس پی سرفراز نواز نے بتایا کہ اغواء میں استعمال ہونیوالی گاڑی کے مالک کا پتاچلا رہے ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔