اسلام آباد: وزیر دفاع خرم دستگیر نے وفاقی دارالحکومت میں سعودی سفیر نواف المالکی سے ملاقات کی ہے جس میں سی پیک سمیت دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع نے خادم الحرمین الشریفین کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان سعودی عرب سےتعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب سےتعلقات مزید مستحکم کرنے کاخواہاں ہے ‘ وقت کے ساتھ پاکستان اورسعودی دفاعی تعلقات میں مزیداستحکام آئےگا۔
پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے دونوں اہم شخصیات کی گفتگو کے دوران خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ سی پیک پورے خطے میں رابطے اور ترقی کا باعث ہوگا ۔
انہوں سے سعودی سفیر کو پیشکش کی کہ سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک بھی سی پیک سے استفادہ کرسکتے ہیں ‘ اس اہم تجارتی روٹ کے ذریعے سےمشرق وسطیٰ کی جنوبی ایشیااورچین کے ساتھ تجارت مزید بڑھے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی نوعیت کے دفاعی تعلقات ہیں اورپاکستانی فوج کے سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف ان دنوں دہشت گردی کے سدباب کے لیے قائم سعودی اتحاد کے سربراہ بھی ہیں۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔