راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ اس سال پاکستان کا دفاعی بجٹ تاریخ کی کم ترین سطح پر ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال دفاعی بجٹ ملک کے مجموعی بجٹ کا 12.5فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ دفاعی بجٹ میں کٹوتی ملک کی معیشت کے تناسب سے ہے، دفاعی فوجیں خود کو ملک سے الگ نہیں سمجھتیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہمارے مسائل ایک ہیں اور ہم نے مل کراس کا حل نکالنا ہے، پاکستان اور بھارت کے دفاعی بجٹ میں فرق کئی دہائیوں سے ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے بجٹ میں واضح فرق کے باوجود 27فروری کا واقعہ آپ کے سامنے ہے، فوج کی طاقت صرف وسائل نہیں بلکہ جذبہ شہادت سے ہے۔
میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ہیومن رائٹس وائلیشن کا واویلا مچایا جا رہا ہے، جن ممالک میں جاکرکہاجارہاہےخلاف ورزی ہورہی ہے ان کے ماضی پر نظر ڈالیں، ان جیسےبلوائیوں اورشرپسندوں سے وہ ممالک کیسے نمٹتے ہیں، ہیومن رائٹس واویلے کے پیچھے 9مئی کے سہولت کار،منصوبہ ساز نہیں چھپ سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیاکہ ہمیں چاہئے جھوٹ کی کرنسی کوختم کریں، سچ چاہے جتنا بھی کڑواہوہضم کرنےکی صلاحیت پیداکریں۔