صوابی: وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان دین کے لیے نہیں اسلام آباد کے لیے نکلتے ہیں، نواز شریف کچھ بھی کرلیں ایک دن پکڑے جانا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے صوابی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ مجلس عمل نے 5 سال حکومت میں گزارے مولانا نے اسلام کے لیے کیا کیا۔
پرویز خٹک نے کہا کہ ہم نے جو وعدے کیے تھے اس کو پورا کیا، ملک کے مستقبل کے لیے سخت فیصلے نہیں کیے تو ملک مزید ڈوب جائے گا، عمران خان جس راستے پر چل رہے ہیں وہ ملک کو مشکلات سے نکالے گا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کے قرضوں پر سود ہم نے ادا کیے، اپوزیشن عوام کے لیے نہیں اپنے مفادات کے لیے جلسے کررہی ہے، ان کا ایک ہی نعرہ ہے اپنی چوری بچائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ نیب ان سے ایک سوال کررہا ہے اتنی جائیدادیں، پیسہ کہاں سے آیا، نیب قوانین میں آج ترامیم کردے تو یہ آرام سے بیٹھ جائیں گے۔
پرویز خٹک نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب لندن میں بیٹھ گئے پوری قوم، عدالتوں کو بے وقوف بنایا، نواز شریف جو بھی کرلو ایک دن پکڑے جانا ہے۔