نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت میں فضائی آلودگی کے پیش نظر دیوالی کے موقع پر آتش بازی پر پابندی عائد کردی گئی، تاہم بھارتیوں نے اس پابندی کو ہوا میں اڑا دیا ااور اس قدر پٹاخے جلائے کہ نئی دہلی کی فضا زہریلے کہر میں ڈوب گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس دیوالی کے موقع پر آتش بازی اور پٹاخے جلائے جانے کے بعد دہلی کی فضائی آلودگی میں اس قدر اضافہ ہوگیا تھا کہ شہر کی 2 کروڑ آبادی کئی ہفتوں تک دم گھٹنے، اور سانس کے مختلف امراض کا شکار رہی۔
اسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھارتی سپریم کورٹ نے رواں برس دیوالی کے موقع پر آتش بازی کے سامان کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کردی تھی۔
مزید پڑھیں: آلودگی کی وجہ سے بھارت میں ورلڈ کپ کا انعقاد خطرے میں
تاہم اس پابندی کے باوجود بھی بھارتیوں نے بڑی تعداد میں آتش بازی کا مظاہرہ کیا جس کے بعد دارالحکومت کی فضا ایک بار پھر زہر آلود ہوگئی۔
یاد رہے کہ نئی دہلی کو اس سے قبل سنہ 2014 میں عالمی ادارہ صحت کی جانب سے دنیا کا سب سے آلودہ ترین شہر بھی قرار دیا جاچکا ہے۔
مقامی حکام کے مطابق فضائی آلودگی میں اس خطرناک سطح تک اضافہ صرف ایک رات میں ہوا تاہم بعض علاقوں میں یہ آبادی کے لیے نہایت خطرناک ثابت ہونے کا خدشہ ہے۔
یاد رہے گزشتہ برس موسم سرما میں نئی دہلی اور پاکستانی شہر لاہور زہریلی اسموگ (دھند) سے بھی متاثر ہوئے تھے جس کی وجہ بھارت کے دیہی علاقوں میں بڑی مقدار میں کسانوں کا غیر ضروری فصلوں کو جلا دینا تھا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔