پیر, فروری 10, 2025
اشتہار

کراچی : ماں اور بچے کو ساتویں منزل سے پھینکنے والی ساس اور دیورگرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : دہلی کالونی میں گزشتہ روز ماں کی بچے سمیت مبینہ خود کشی کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے قتل کے الزام میں مقتولہ کی ساس اور دیورکو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے دہلی کالونی میں ماں نے نوزائیدہ بیٹے سمیت ساتویں منزل سے چھلانگ لگا کر مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی۔ جاں بحق ہونے والی ماں کی شناخت 22 سالہ رمشا اور چار ماہ کے نوزائیدہ عبدالہادی کے نام سے ہوئی۔

فریئر تھانے کی پولیس نے پوسٹ مارٹم رپورٹ اور ابتدائی تفتیش کے بعد ماں اور کمسن بچے کو چھت سے پھینک کر خودکشی کا رنگ دینے والے ساس اور دیور کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ بدھ کی صبح کلفٹن کے علاقے دھلی کالونی میں پیش آیا تھا جہاں خاتون رمشا کو اس کے چارماہ کے بیٹے ہادی کو ساتویں منزل سے پھینک کر خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔

پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر ساس اور گھر والوں نے بیان دیا کہ رمشا نے بچے کے ساتھ خودکشی کی، پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ اور شواہد سے واقعہ خود کشی کا معلوم نہیں ہوتا, پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق خاتون کے گلے پر رسی کے نشانات تھے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی رمشا نے بھی اسپتال منتقلی کے دوران زخمی حالت میں اپنی ساس کا نام لیا تھا، خاتون نے زخمی حالت میں ساس کے دھکے اور دیور کے تشدد کا ذکر کیا تھا۔

پولیس کے مطابق خاتون نے عمارت سے گرنے کے بعد بیان علاقے کی خاتون کو دیا تھا، بچہ موقع پر جاں بحق ہوا جبکہ خاتون نے اسپتال میں دم توڑا، پولیس کے مطابق رمشا نے ڈیڑھ سال قبل محبت کی شادی کی تھی اور اس کا شوہر دبئی میں ملازمت کرتا ہے جو  آج رات دبئی سے کراچی پہنچ رہا ہے۔

  واقعے کا مقدمہ فریئر تھانے میں درج کرلیا گیا، پولیس کے مطابق متوفیہ رمشا کے سسر کا کہنا تھا کہ جس وقت یہ واقعہ پیش آیا میں سو رہا تھا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں