دہلی پولیس نے سڑک پر نماز ادا کرنے والے لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جس کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران پرتاب نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس اہلکار کے دل میں کونسی نفرت بھری ہوئی ہے یہ بنیادی انسانی اصولوں سے بھی ناواقف ہے۔
یہ واقعہ دہلی کے علاقے اندرلوک میں پیش آیا جہاں مسجد میں رش کی وجہ سے کچھ لوگ سڑک پر نماز ادا کررہے تھے۔
دہلی پولیس کے اہلکار موقع پر پہنچے اور لوگوں کو سڑک سے ہٹانے کی کوشش کرنے لگے، اس دوران ایک اہلکار کو سجدے میں موجود نمازیوں کو لاتیں مارتے ہوئے دیکھا گیا۔
ویڈیو میں ہجوم کو پولیس اہلکار کا گھیراؤ کرکے احتجاج کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ واقعے کی انکوائری شروع ہوچکی ہے۔