ممبئی: مقبول بھارتی ویب سیریز ’دہلی کرائم‘ کے تیسرے سیزن کی عکس بندی باضابطہ طور پر شروع کر دی گئی جس میں شیفالی شاہ، ہما قریشی اور رسیکا دوگل شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہمار قریشی کی ویب سیریز میں شمولیت کے بعد تقریباً دس دن پہلے گریٹر نوئیڈا میں اس کی شوٹنگ شروع کی گئی۔
ستمبر کے شروع میں دارالحکومت نئی دہلی میں شوٹنگ کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن اس سلسلے میں ہما قریشی کی دستیابی کا انتظار کیا جا رہا تھا۔
فی الحال ویب سیریز کی کاسٹ گریٹر نوئیڈا میں پولیس اسٹیشنوں، حویلیوں اور مقامی سڑکوں پر مختلف سینز کی شوٹنگ میں مصروف ہے۔ پچھلے سیزنز میں بھی اسی طرح کے مقامات کو نمایاں کیا گیا تھا جو سیریز کو دلکش بنانے میں مددگار ثابت ہوئے۔
گریٹر نوئیڈا کے شیڈول کے بعد ٹیم دو ماہ سے زیادہ کی شوٹنگ ٹائم لائن کے ساتھ فلم بندی کیلیے نئی دہلی کے مختلف مقامات پر منتقلی کا ارادہ رکھتی ہے۔
’دہلی کرائم 3‘ کے نئے سیزن میں انسانی اسمگلنگ کے اہم مسئلے سے نمٹا جائے گا۔ سیزن کو دو حصوں میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے، پہلا حصہ 2025 کے وسط تک آنے کی توقع ہے۔
اس میں بہت سے نئے کرداروں کی سمولیت کی توقع ہے حالانکہ اس اضافے کے بارے میں ابھی تک کوئی تفصیل سامنے نہیں آ سکی۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ آنے والے سیزن کا مقصد تازہ داستانوں اور کرداروں کو متعارف کروانا ہے۔