بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں کئی روز کی شدید گرمی اور حبس کے بعد بادل ایسے برسے کہ بارش کا 80 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق علی الصباح نئی دہلی اور مضافات میں بادل کھل کر گرجے اور برسے۔ بارش اس قدر شدید تھی کہ جل تھل ایک ہوگیا۔ سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، انڈر پاسز میں پانی جمع ہونے کے باع سینکڑوں گاڑیاں پھنس کر رہ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق نئی دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 228.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ جون میں ایک دن میں زیادہ سے زیادہ بارش کا ریکارڈ 92 سال پرنا ہے جب 28 جون 1936 کو 235.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
موسلا دھار اور طوفانی بارش کے دوران اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون کی چھت گرنے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جب کہ دو افراد زخمی ہوگئے جب کہ خراب موسم کے باعث دو درجن سے زائد پروازوں کی آمدورفت منسوخ کر دی گئی۔
کئی مقامات اور ٹنلز کو تیز بارش کے نتیجے میں ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔ جس کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور سڑکوں پر گاڑیوں کی میلوں طویل قطاریں لگ گئیں۔