یوٹاہ: امریکا میں ایک طیارہ پرندوں کا غول ٹکرانے کے باعث خوف ناک حادثے کا شکار ہوتے ہوتے رہ گیا، طیارے میں یوٹاہ جاز باسکٹ بال ٹیم سفر کر رہی تھی۔
تفصیلات کے مطابق منگل کے روز دوپہر کو ڈیلٹا ایئر لائن کے ایک بوئنگ 757 طیارے کو امریکی ریاست یوٹاہ کے سالٹ لیک سٹی سے پرواز کے فوراً بعد ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑ گئی۔
طیارے کے انجن سے پرواز کے فوراً بعد ہی پرندوں کا غول ٹکرایا تھا، جس کے باعث انجن کو شدید نقصان پہنچا، طیارہ یوٹاہ جاز باسکٹ بال کی ٹیم کے لیے چارٹر کیا گیا تھا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق امریکی شہر میمفس کے لیے طیارے نے ٹیک آف کیا ہی تھا کہ چند منٹ کے دوران پائلٹ نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کر کے طیارے کے بائیں جانب کے انجن میں شدید گڑ بڑ کی نشان دہی کی، جس پر پائلٹ کو فوری طور پر جہاز واپس اتارنے کی ہدایت کی گئی۔
پرندوں کا غول ٹکرانے سے طیارے کو شدید نقصان پہنچا، جب کہ ایک انجن ناکارہ ہو گیا، واقعے کے بعد پائلٹس طیارے کو بہ حفاظت واپس زمین پر اتارنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق واقعے میں جہاز کے بائیں انجن کی باڈی کئی فٹ تک اکھڑی ہوئی تھی، اس پر خون تھا اور پرندوں کی باقیات انجن کے اندر تک گھس چکی تھیں۔
طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے، بتایا گیا کہ واقعے کے وقت طیارہ 7800 فٹ کی بلندی پر اور 230 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر تھا۔