کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں خطرے کی گھنٹی بج گئی، شہری بھارتی کرونا وائرس سے متاثر ہو کر اسپتال پہنچنے لگے جس کے بعد اسپتالوں میں جگہ ختم ہونے لگی۔
تفصیلات کے مطابق شہر کراچی میں بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلاؤ کے بعد بڑے سرکاری اور غیر سرکاری اسپتالوں میں رش بڑھنے لگا۔ انڈس اسپتال کے ترجمان پروفیسر عبدالباری کا کہنا ہے کہ انڈس اسپتال کا کرونا اور ایمرجنسی وارڈ مریضوں سے بھر چکا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ انڈس اسپتال میں اضافی بیڈز لگا کر مریضوں کو رکھا جا رہا ہے، عوام سے ایس او پیز پر عمل کرنے اور ویکسین لگوانے کی درخواست ہے۔
انتظامیہ لیاری جنرل اسپتال کے مطابق لیاری جنرل اسپتال میں ڈیلٹا متاثرین کی آمد شروع ہوچکی ہے، اسپتال کے کرونا وارڈ میں بیڈز کی تعداد بڑھا رہے ہیں۔
دوسری جانب سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ مختلف سرکاری اسپتالوں میں بھی مریضوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، گلشن اقبال نیپا کا انفیکشنز ڈیزیز اسپتال مکمل طور پر بھر چکا ہے، ایکسپو سینٹر میں مزید مریضوں کے داخلے کی گنجائش ختم ہوچکی ہے جبکہ آغا خان اسپتال نے کرونا وائرس کے مزید مریضوں کو لینے سے منع کردیا۔
حکام کے مطابق ڈاکٹرز اور ماہرین نے حکومت سے کراچی میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے، سول اسپتال کا 48 بیڈ پر مشتمل سرجیکل وارڈ کرونا وارڈ میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جناح اسپتال کے چیسٹ وارڈ کو بھی کرونا وارڈ میں بدلنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ کراچی میں بھارتی کرونا ویرینٹ کی شرح 92 فیصد سے بڑھ چکی ہے، ڈاکٹرز اور طبی عملے میں بھی کرونا انفیکشن کی شرح بڑھ رہی ہے۔