تازہ ترین

کراچی میں کے الیکٹر ک کے مقابلے میں دوسری کمپنی لائی جائے: پی ٹی آئی

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر قائد میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک کی ظالمانہ اجارہ داری ختم کرنے کے لیے اس کے مقابلے میں دوسری کمپنی لائی جائے۔

آج کراچی میں کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر پی ٹی آئی رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی، جس میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی سے کے الیکٹرک کی اجارہ داری ختم کی جائے، شہر میں بجلی نظام کے لیے کوئی اور راہ سوچنی ہوگی، کے الیکٹرک نے اوور بلنگ کی، کمپنی کے معاملات درست نہیں ہیں۔

انھوں نے کہا گورنر اور ایم این ایز کو کے الیکٹرک کی جانب سے پریزنٹیشن نہیں چاہیے، جو چیز چاہیے وہ یہ ہے کہ کے الیکٹرک کے میٹرز کی تھرڈ پارٹی کیلکولیشن ہو۔

ملک کے بڑے شہر پر بدستور اندھیروں کا راج، کے الیکٹرک کے آگے سب بے بس

فردوس شمیم کا کہنا تھا کراچی عرصہ دراز سے بجلی کے مسائل دیکھتا آ رہا ہے، اس کا حل ڈھونڈا گیا تو اسے پرائیویٹ سیکٹر کو دیا گیا، اب وہ کسی اور کو بیچنے کی کوشش کر رہے ہیں، کراچی کے شہری صرف دو چیزیں مانگتے ہیں، بجلی اور سستی بجلی، یہاں بھی بجلی کے نرخ دیگر ممالک کی طرح ہونے چاہئیں۔

ایم این اے آفتاب صدیقی نے کہا کہ کے الیکٹرک معاہدہ پبلک کیا جائے، کمپنی نے 10 سال میں 100 ارب کا منافع کمایا، کے الیکٹرک اووربلنگ بند کرے، اووربلنگ ختم ہونے تک کل سے 3 سے 5 بجے تک دھرنا دیں گے۔

Comments

- Advertisement -