کراچی: آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے یکم جون سے اسکولز کھولنے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق صدرآل پاکستان پرائیوٹ اسکولز کاشف مرزا نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ اسکولز ایس اوپیز کے تحت یکم جون سے کھولے جائیں، 15جولائی تک تعلیمی اداروں کو بند رکھنا تعلیم دشمنی ہے۔
انہوں نے کہالاک ڈاؤن کے باعث 2کروڑ طلبا کے تعلیمی نقصان کا ازالہ ناممکن ہے، 15جولائی تک 50تعلیمی ادارے بند اور 10لاکھ افراد بےروزگار ہوجائیں گے، ٹیچرز کی تنخواہیں فکس اور90 فیصد اسکول کی عمارتیں کرائے پر ہیں۔
کاشف مرزا کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان پرائیویٹ اسکولز کیلئے تعلیمی ریلیف پیکیج کا اعلان کریں۔
عید کے فوری بعد اسکول کھولنے کی اجازت، آل پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کا بڑا مطالبہ
قبل ازیں آل پرائیوٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے کراچی پریس کلب پر پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں پرائیویٹ سکول مینجمینٹ نے ایس او پی کے تحت عید کے بعد تمام پرائیویٹ اسکول کھولنے اور یوٹیلیٹی بلز، وفاقی، صوبائی ٹیکسز سے 6ماہ کے لیے استثنیٰ قرار دیے جانے کا مطالبہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ چیئرمین پرائیویٹ اسکول مینجمنٹ طارق شاہ کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے باعث سندھ بھر کی تعلیمی ادارے بند کیے گئے، سندھ حکومت نے چھ ماہ اسکول بند کرنے کی بات کر کے بے چینی پیدا کردی ہے ہم نے والدین کو فیسوں میں بیس فیصد رعایت بھی دی لیکن چند اسکول ایسے ہیں جو رعایت نہیں دے رہے، ٹیکسز کا بوجھ بھی پرائیوٹ اسکول کا برداشت کر رہے ہیں۔