پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے پنجاب میں مکمل لاک ڈاؤن کا مطالبہ کر دیا۔
پی ایم اے کے عہدیدار پروفیسر شاہد ملک کا کہنا ہے کہ حکومت فی الفور پنجاب میں 15 دن کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا نفاذ کرے، حکومت وقت ویکسین کی فراہمی میں مجرمانہ غفلت کی مرتکب ہوئی ہے۔
پروفیسر شاہد ملک نے کہا کہ جس رفتار سے پاکستان میں ویکسی نیشن کی جا رہی ہے اُس سے تقریباً 75سالوں میں ہم اپنی عوام کو ویکسی نیشن دے سکیں گے۔
پروفیسر اشرف نظامی کا کہنا ہے کہ پچھلے سال 23 اپریل کو ملک بھر میں 1115کنفرم کیسز تھے اور ایکٹیو کیسز کی تعداد 839 تھی آج سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 790016 کنفرم کیسز ہیں اور 86529 ایکٹیو کیسز ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹوٹل میں سے صرف پنجاب میں 45510 کیسز رجسڑڈ ہیں پچھلے 24گھنٹوں میں 5908نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 159اموات ہوئی ہیں، پورے ملک میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 18سے 75 فیصد سے تجاوز کر چکی ہے کورونا سے شرح اموات 2.20 ہے۔
پی ایم اے نے مطالبہ کیا کہ عوام بالخصوص ہیلتھ پروفیشنلز کو جلد از جلد ویکسین کی فراہمی یقینی بنائے اسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنائے، انڈیا اور دوسرے ممالک جہاں کرونا بے قابو ہے فی الفور آمدورفت کی بندش کرے، او، اے لیول کے امتحانات کے لئے دنیا میں مروجہ اصول کی بنیاد پر ہی بچوں کو پروموٹ کیا جائے۔