لاہور : پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں ڈینگی مریضوں کے جگر خراب ہونے لگے ، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بخار کے چھٹےاورساتویں دن 90 فیصد مریضوں کے پیٹ اور پھیپھڑوں میں پانی بھر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں ڈینگی جگر کو بھی متاثر کرنے لگا، ہیڈآف ڈینگی ڈیپارٹمنٹ جناح اسپتال ڈاکٹر کاشف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ متعدد ڈینگی مریضوں کےجگرخراب ہورہے ہیں۔
ڈاکٹر کاشف نے بتایا ڈینگی کے مریضوں کا بخار پانچویں روز ختم ہو جاتا ہے لیکن چھٹےاورساتویں دن 90 فیصد مریضوں کے پیٹ اور پھیپھڑوں میں پانی بھر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈینگی کے مریضوں کو زیادہ آئی وی لائن لگانا نقصان دہ ہوتا ہے۔
پنجاب میں ڈینگی تشویشناک صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے ، گزشتہ روز پنجاب میں ڈینگی کے باعث 4 اموات ہوئیں جس کے بعد رواں سیزن پنجاب میں ڈینگی سے مجموعی اموات کی تعداد 90 ہوچکی ہے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے 277 مریض رپورٹ ہوئے۔