منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

ڈینگی وائرس: ملک بھر میں مزید تیرہ سو سے زائد افراد شکار

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: ملک بھر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 1319 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔

ذرایع کے مطابق ملک بھر میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد بارہ ہزار سے بھی بڑھ گئی، ڈینگی کے پھیلاؤ میں روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے اور حکومتی سطح پر انسدادی اقدامات ناکام نظر آ رہے ہیں۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک میں ڈینگی کے شکار مریضوں کی تعداد 12 ہزار 533 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 342 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، جس کے بعد صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہزار 22 تک پہنچ گئی۔

خیبر پختون خوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 339 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے جس کے بعد کے پی کے میں ڈینگی مریضوں کی تعداد 2606 ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد میں 24 گھنٹوں میں مزید 205 افراد میں ڈینگی کی تصدیق

اسلام آباد میں 24 گھنٹوں کے دوران 355 افراد ڈینگی کا شکار بنے، وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی مریضوں کی مجموعی تعداد 2256 ہو گئی ہے۔

اسی طرح صوبہ سندھ میں 24 گھنٹوں میں 170 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے، سندھ ڈینگی کنٹرول پروگرام کے مطابق صوبے میں ڈینگی مریضوں کی تعداد 2639 تک پہنچ گئی۔

بلوچستان میں بھی ڈینگی مریضوں کی تعداد 1790 ہو گئی ہے، جب کہ آزاد کشمیر میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 230 ہے۔

ادھر کراچی میں گزشتہ رات نجی اسپتال میں ڈینگی سے متاثرہ شخص دم توڑ گیا ہے، سندھ بھر میں ڈینگی کے باعث اب تک 11 افراد جاں بحق ہوئے۔ پنجاب محکمہ صحت کے مطابق 2 ماہ میں ڈینگی کے باعث صوبے میں 13 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، رحیم یار خان کی تحصیل خان پور کے موضع صادق پور میں بھی ڈینگی کا شکار شخص انتقال کر گیا ہے۔

پنجاب میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی منظوری سے صوبائی حکومت نے انسداد ڈینگی کٹس تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پہلے راولپنڈی میں ڈینگی کے ریڈ زونز کے گھروں میں کٹس تقسیم کی جائیں گی، ضرورت پڑنے پر اس کا دائرہ دیگر علاقوں تک بڑھایا جائے گا، سیکریٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ نے کٹس کی تیاری شروع کر دی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں