اسلام آباد: ملک میں ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 28525 ہو گئی ہے، ذرایع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ڈینگی کے سب سے زیادہ 7690 کیس اسلام آباد سے سامنے آئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی انسداد ڈینگی سیل نے ملک گیر صورت حال پر رپورٹ تیار کر کے معاون خصوصی ظفر مرزا کو ارسال کر دی ہے، رپورٹ کے مطابق ڈینگی کیسز کی تعداد اٹھائیس ہزار سے بڑھ چکی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں 6269، سندھ میں 4858 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ کے پی سے 5005، قبائلی اضلاع سے 436، بلوچستان سے 2764، آزاد کشمیر سے 1295 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔
ذرایع وزارت صحت کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں سے 208 ڈینگی کیسز سامنے آئے ہیں، رواں سال گلگت بلتستان سے ڈینگی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔
تازہ ترین: شعبہ صحت میں اصلاحات وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا
وزارتِ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال ملک میں ڈینگی سے 45 اموات ہوئیں، سندھ میں 16 اموات، وفاقی دارالحکومت میں 15 اموات جب کہ پنجاب میں 10، بلوچستان میں 3، اور آزاد کشمیر میں ایک مریض کی موت واقع ہوئی۔
ادھر سندھ سرویلنس سیل کا کہنا ہے کہ سندھ بھر میں ڈینگی وائرس کے کیسز کی تعداد 5190 ہے، کراچی میں ڈینگی وائرس کے مزید 157 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کراچی میں رواں سال ڈینگی کیسز کی تعداد 4878 ہو گئی ہے۔