اسلام آباد : قومی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ کورونا سے لڑتے ہوئے ڈینگی کے خطرات نظرانداز نہیں کر سکتے، دنیا میں ڈینگی وائرس کا کوئی مخصوص طریقہ علاج موجود نہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ صحت نے ڈینگی سے متعلق ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈینگی کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے بروقت اقدامات کرنا ہونگے۔
ترجمان قومی ادارہ صحت کے مطابق کورونا وائرس سے لڑتے ہوئے ڈینگی کے خطرات نظر انداز نہیں کر سکتے، ڈینگی کے مریض کو الگ رکھ کر پھیلاؤ روکنا ممکن ہے، دنیا بھر میں ڈینگی وائرس کا کوئی مخصوص اور مؤثر طریقہ علاج موجود نہیں ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے 5 سال کا ایکشن پلان تیار کرلیا ہے۔
ڈینگی کے تدارک اور تیاریوں سے متعلق جائزہ اجلاس میں ڈینگی تدارک کے لیے کیے گیے اقدامات، انتظامات اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ڈینگی تدارک کے لیے بروقت اور ضروری مؤثر اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں، ڈینگی کے خاتمے کیلئے عوام کو بھی اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔