ساہیوال : وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ ڈینگی کی روک تھام پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، عملہ مستعد اور چوکس رہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ساہیوال میں صفائی اور دیگر امور کا جائزہ لینے کے موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس حکام جرائم کی روک تھام کیلئے نوٹالرنس کا رویہ اپنائیں، تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب ملتان سے واپسی پر اچانک ساہیوال پہنچے اور شہر میں صفائی اور دیگر امور کا جائزہ لیا۔
بعد ازاں سرکٹ ہاؤس ساہیوال میں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس بھی ہوا جس میں کمشنر ساہیوال ڈویژن، آر پی او ساہیوال اور ڈی پی او نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ڈینگی پر مکمل کنٹرول کرنے کیلئے عملہ ہر وقت مستعد اور چوکس رہے، اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، شہریوں کے جان ومال کی حفاظت کی ذمہ داری ہر حال میں پوری کی جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کو جرائم پر کنٹرول کیلئے تمام تر ممکنہ وسائل فراہم کیے جائیں گے، عوام کے حقیقی مسائل سے آگاہی کیلئے فیلڈ کے دورے جاری رہیں گے۔
مزید پڑھیں : ڈینگی نے پنجاب میں پنجے گاڑ لیے، مزید 2 مریض جاں بحق
واضح رہے کہ ڈینگی نے پنجاب میں پنجے گاڑ لیے ہیں، آج راولپنڈی میں ڈینگی میں مبتلا بچے سمیت مزید دو مریض انتقال کر گئے۔
12سال کا ساجد بے نظیر بھٹو اسپتال جب کہ بزرگ شخص ہولی فیملی میں زیر علاج تھے، ایک کا تعلق راولپنڈی دوسرے کا مانسہرہ سے ہے۔اسپتال ذرایع کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے شہر میں اب تک 28 اموات ہو چکی ہیں۔