ڈنمارک میں پہلی بار قرآن پاک کی بے حرمتی کا مقدمہ درج کرکے دو ملزمان پر فردِ جرم عائد کردی گئی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی غیر قانونی قرار دیے جانے کے بعد، نئے قانون کے تحت گزشتہ روز قرآن پاک کی توہین کے مرتکب 2 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان پر فردِ جرم عائد کر دی گئی۔
رپورٹس کے مطابق گرفتار کئے گئے ملزمان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، تاہم ان پر الزام ہے کہ دونوں ملزمان گزشتہ برس جون میں ایک تہوار کے دوران سیاسی، معاشی اور سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو جمع کر کے قرآن پاک کی بے حرمتی کے مرتکب ہوئے تھے۔
حکام اور مقامی میڈیا کی جانب سے ملزمان کے مبینہ اقدامات کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
حکام کے مطابق ملزمان کی جانب سے مذکورہ کارروائی عوامی سطح پر کی گئی، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر براہِ راست نشر کی گئیں۔
یاد رہے کہ ڈنمارک اور سوئیڈن میں قرآن پاک کی بیحرمتی کے متعدد واقعات کے بعد 7 دسمبر 2023ء کو قرآن پاک کی بے حرمتی غیر قانونی قرار دینے کا بل منظور کرلیا گیا تھا۔
ترکیہ کے امدادی ٹرک غزہ پہنچنا شروع
رپورٹس کے مطابق نئے قانون کے تحت اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے یا 2 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔