کراچی : ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ کا کہنا ہے کہ آئندہ ایک سال میں راست کے زریعے عرب ملکوں سے ترسیلات براہ راست بینک اکاوٴنٹس میں منتقل ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈیجیٹل سپلائی چین فنانسنگ کے حوالے سے کانفرنس سے خطاب میں ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ نے کہا کہ ترسیلات زر کے حوالے ادائیگیوں کے نظام راست کو عرب مانیٹری فنڈ سے منسلک کرنے کا کام جاری ہے اور امید ہے کہ ایک سال کے دوران خلیجی ملکوں میں کام کرنے والے 60 لاکھ پاکستانی ترسیلات براہ راست بینیفشری اکاوٴنٹ میں بھیج سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکس ایس ایم ای فنانسنگ کو فروغ دینے میں ناکام رہے ہیں ، ڈیجٹل فنانسنگ کے زریعے یہ سہولت کم لاگت پر فراہم کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے بینکوں سے کہا کہ بلند شرح سود زیادہ برقرار نہیں رہے گی بینکس اپنے کاروبار کو ہمہ جہت بنائیں۔
پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ظفر مسعود کا کہنا تھا کہ ڈیجٹل فنانسنگ کو فروغ دینے کے لئے ڈیجٹل ایکس چینج بنانے کی ضرورت ہے۔ نادرا، ٹیلی کام کمپنیوں پاور یوٹیلیٹیز اور دیگر اداروں کے پاس موجود ڈیٹا کو ایک جگہ جمع کیا جائے جس سے فنانسنگ سستی ہوسکتی ہے۔