ڈیرہ غازی خان : ڈیرہ غازی خان کی جھنگی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا بڑا حملہ ناکام بنادیا گیا، جوابی کارروائی پر دہشت گرد فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس نے ڈی جی خان کی جھنگی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ پسپا کردیا ، ترجمان پولیس نے بتایا کہ بیس سے پچیس دہشت گردوں نے مختلف اطراف سے چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ حملے میں راکٹ لانچر اور جدید اسلحہ استعمال کیا گیا تاہم پپولیس نے زبردست مزاحمت کرکے حملہ ناکام بنا دیا۔
پولیس کی بھرپور کارروائی پر دہشت گرد فرار ہوگئے اور جانی نقصان کی اطلاعات بھی ہیں تاہم مفروردہشت گردوں کی تلاش کیلئے علاقےمیں سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی جی پنجاب عثمان انور نے حملہ ناکام بنانے پر ڈی جی خان پولیس کو شاباش دی اور کہا بہادر سپاہی دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈی جی خان کے تھانہ وا ہوا کی پولیس چوکی پر حملہ ناکام بنانے پر پنجاب پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا پولیس کے دلیر جوانوں نے بہادری سےخوارجی دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور انہیں مار بھگایا ساتھ ہی مذموم عزائم کوخاک میں ملای، پولیس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرات پر فخر ہے، خوارجی دہشت گردوں کیخلاف پولیس جوان سیسہ پلائی دیوار بنے رہے۔