وزارت داخلہ نے 2019 سے 2021 تک ملک میں دہشتگرد کارروائیوں میں متحرک تنظیموں کی تفصیلی رپورٹ سینیٹ میں پیش کردی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے 2019 سے 2021 تک ملک میں دہشتگرد کارروائیوں میں متحرک تنظیموں کی تفصیلی تحریری رپورٹ سینیٹ میں پیش کردی گئی ہے۔
وزارت داخلہ کی پیش کردہ رپورٹ کے مطابق 2019 سے 2021 کے دوران اہلسنت و الجماعت، القاعدہ اور بلوچستان لبریشن آرمی دہشتگردی میں ملوث پائی گئی ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ان کے علاوہ بی ایل ایف، بی آر اے ایس، بلوچستان ریپبلکن آرمی بھی دہشتگردی میں متحرک پائی گئیں، جب کہ حزب الاحرار، حزب التحریر، جیش اسلام، جماعت الاحرار بھی دہشتگردی میں ملوث پائی گئی ہیں۔
سینیٹ میں وزارت داخلہ کی پیش کردہ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جیے سندھ قومی محاذ، جنداللہ، لشکر جھنگوی، لشکر اسلامی، سندھو دیش انقلابی آرمی، سپاہ صحابہ، سپاہ محمد، تحریک جعفریہ پاکستان بھی دہشگرد سرگرمیوں میں متحرک رہی ہیں۔
اس کے علاوہ تحریک طالبان پاکستان، یونائیڈ بلوچ آرمی، زینبیون بریگیڈ بھی دہشتگردی کی کارروائیوں میں متحرک پائی گئی ہیں۔