اسلام آباد : جمعیت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم سے نئے انتخابات کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ نئے انتخابات کروا کر دھاندلی کا داغ دھویا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی جمعیت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے گزشتہ روز ملاقات کا احوال سامنے آگیا۔
ذرائع نے بتایا کہ فضل الرحمان نے اپوزیشن مطالبات وزیراعظم کے سامنے رکھ دئیے، جس میں انھوں نے وزیراعظم سے نئے انتخابات کا مطالبہ دہرا دیا۔
جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام اور سیٹ اپ کو نہیں مانتے، نئے انتخابات کراکردھاندلی کا داغ دھویا جائے، ہم اپوزیشن الائنس کے مؤقف کے ساتھ ہیں۔
مزید پڑھیں : اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطوں اور ملاقاتوں نے حکومتی صفوں میں کھلبلی مچادی
وزیراعظم شہبازشریف نے فضل الرحمان سے تعاون مانگا تاہم وہ اپنے مؤقف پر قائم رہے۔
خیال رہے اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطوں اور ملاقاتوں نے حکومتی صفوں میں کھلبلی مچادی ہے، اسد قیصر کی رہائش گاہ پر اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں فضل الرحمان کی شرکت اور نئے الیکشن کے مطالبے کے بعد حکومت بھی سرگرم ہوگئی۔
گذشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اچانک فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچ گئے، ملاقات میں ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔