اسلام آباد : کرونا وائرس کی تیسری لہر کی بے قابو ہوتی جارہی ہے، ایک روز کے دوران ملک بھر میں مزید 98 مریض انتقال کرگئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے کرونا وائرس سے متعلق جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کرونا وائرس کے مزید 5 ہزار 329 افراد کرونا میں مبتلا ہوئے ہیں۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے میں ملک میں کرونا سے مرنے والوں کی تعداد 98 رہی جبکہ کرونا میں مبتلا ہوکر انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 15 ہزار 124 ہوگئی۔
ملک بھر میں گزشتہ ایک روز کے دوران 49 ہزار 816 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے 5 ہزار 329 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے، اب ملک میں کرونا کے فعال کیسز کی تعداد 66 ہزار 994 تک پہنچ گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 24 گھنٹے کے دوران کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ مثبت آنے کی شرح 10.69 فیصد رہی۔