بھارتی فلموں کے پہلے سپراسٹا کا درجہ رکھنے والے آنجہانی اداکار دیو آنند کے ممبئی میں واقع گھر کو مسمار کردیا جائے گا۔
ممبئی کے پوش علاقے جوہو میں واقع دیو آنند کے شاندار بنگلے کو جلد ہی گرادیا جائے گا جہاں انھوں نے اپنی زندگی کے 40 سال گزارے ہیں۔ جہاں 22 منزلہ کثیرالمنزلہ عمارت تعمیر کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔
بھارتی فلمی ویب سائٹ کی خبر کے مطابق اپنی اچھوتے انداز سے فلم بینوں کے دلوں پر انمٹ نقوش چھوڑنے والے اداکار کا بنگلہ فروخت کردیا گیا ہے، جہاں انھوں نے اپنی بیوی کلپنا کارتک اور بچوں سنیل اور دیوینا کے ساتھ حسین وقت گزارا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ شہر کے پرائم لوکیشن پر واقع اس بنگلے مشہور صنعت کار گروپ کی جانب سے خریدا گیا ہے اور اس کے لیے 350 سو کروڑ سے 400 کروڑ بھارتی روپے کی خطیر رقم ادا کی گئی ہے۔
بنگلے کی فروخت کی تکمیل کے لیے کاغذی کارروائی جاری ہے جس کے جلد ہی مکمل ہونے کا امکان ہے۔
اس جگہ کو خریدنے والے یہاں 22 منزلہ عمارت تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، فیملی ذرائع کا کہنا تھا کہ بنگلے کو بیچنے کا فیصلہ اس لیے کیا گیا کہ ممبئی میں ان کے خاندان کے کسی فرد کی رہائش موجود نہیں ہے۔
آنجہانی اداکار کا بیٹا زیادہ تر امریکا میں رہتا ہے جب کہ ان کی بیٹی اپنی ماں کے ساتھ تامل ناڈو کے ضلع اوٹی میں رہائش پذیر ہیں۔