اسلام آباد : کرونا کی مہلک وبا کی تیسری لہر نے پاکستان کو اپنی لپیٹ میں لےلیا، چوبیس گھنٹے میں مزید 57 مریض انتقال کرگئے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور ہلاکتوں سے متعلق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کئے ہیں، این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹے میں ملک بھر میں 4 ہزار 767 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
این سی او سی کے مطابق ملک میں گذشتہ چوبیس گھنٹےمیں کرونا کے مزید 57 مریض انتقال کرگئے، جس کے باعث پاکستان میں کرونا کے باعث جاں بحق مریضوں کی تعداد 14 ہزار 215 ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق 24 گھنٹے میں 45 ہزار 656 کرونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 4767 کیسز مثبت رپورٹ ہوئے، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 10.44 فیصد رہی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا کے فعال کیسز کی تعداد 44 ہزار 447 ہوگئی۔
گذشتہ روزنیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں کرونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔